|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2022

خضدار: خضدارمیں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پلاننگ کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔شہر کی خوبصورتی ، تاجراور خریداروں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے چینگچی اور رکشوں کے لئے شہر میں تین مقامات پر اسٹینڈز قائم کردیا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی نے بازار کا دورہ کیا اور تین مقامات فیصل چوک ، نزدمیر غوث بخش بزنجواسٹیڈیم ، ارباب کمپلیکس میں چینگچی اور رکشوں کے لئے مختص جگہ کا معائنہ کیا اور اس کی توثیق کردی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کے ہمراہ ایس ایس پی خضدار ارباب امجد کاسی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نذر خان زہری ، انجینئر ہدایت اللہ زہری رکشہ یونین کے صدر عبدالغفاربھی ان کے ہمراہ تھے ۔

انہوںنے بھی اپنے تجاویز دیئے ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی نے کہاکہ پولیس اور دیگر اداروں کی مدد سے خضدار بازار کی رونق کو بڑھا رہے ہیں اور شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جارہی ہے ۔

خضدارشہر کی وسعت میں کافی حد تک اضافہ ہواہے اس لیئے ٹریفک کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کام کررہے ہیں گزشتہ روز انجمن تاجران خضدا رکے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ شہر سے چینگچی اور رکشوں کو ہٹا کر ان کے لئے الگ جگہ مختص کردیا جائیگا۔

آج ان کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر تین جگہیں مختص کردی گئی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی بہتر اور مسائل حل ہونگے ۔ انہوںنے کہاکہ جس جگہ رکشوں کے لئے جگہ مختص کردی گئی ہے اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو رکشہ مالکان کے خلاف کاروائی کی جائیگی ۔