|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2022

کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے ماہ رمضان کے مہینہ میں صارفین کو خصوصی ریلیف اوربجلی کی باقاعدہ فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کئے ہیں۔اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور دیگربڑے شہروںمیں سحری ، افطاراورتراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی تاہم صوبہ میں موجود تمام دیہی و زرعی فیڈروں کواُنکے پرانے شیڈول کے مطابق یومیہ مختلف اوقات کارمیں بجلی فراہم کی جائے گی ۔کیسکوکے تمام سب ڈویژنوںمیں عملہ اورلائن اسٹاف اپنے متعلقہ علاقوںمیںاپنے فرائض انجام دیںگے۔

اس دوران کسی بھی صارف کی جانب سے کسی بھی علاقہ میں فنی خرابی یاانفرادی شکایت موصول ہونے پر کیسکولائن اسٹاف بجلی کی بحالی کیلئے فوری کارروائی کرے گا اور کم سے کم وقت میں صارف کی شکایت کاازالہ کیلئے ہرممکن کوشش کرے گا۔کیسکومانیٹرنگ سیل بجلی کی صورتحال سے کیسکوکے اعلیٰ حکام کوآگاہ کرتارہے گاتاہم صارفین اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے علاوہ 118پر کال کرکے یا اپنے موبائل سے 8118پر میسج (SMS)بھیج کر اپنی شکایات درج کروائیں۔اس کے علاوہ صارفین موبائل ایپلی کیشن کیسکولائٹ (QESCO LIGHT)پر بھی بجلی سے متعلق شکایات درج کرواسکتے ہیں۔ لہٰذا کیسکونے ماہ رمضان میں اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں تمام غیر ضروری برقی آلات بند کرنے کے علاوہ صرف ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں