پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوگا جس میں شرکت کیلئے جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان گروپ اور اپوزیشن ارکان پہنچ رہے ہیں۔
گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پہلے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا اعلامیہ جاری کیا اور پھر رات دیر گئے اجلاس کی تاریخ دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے 6 اپریل کر دی گئی۔
مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس 6 اپریل کو بلانے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
آج حکومت نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کردیے گئے ہیں جس کے بعد اپوزیشن نے مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس بلا لیا۔
مقامی ہوٹل میں ہونے والے علامتی اجلاس میں شرکت کیلئے جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان گروپ اور اپوزیشن ارکان پہنچ رہے ہیں۔
علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز شریف کو وزیراعلیٰ منتخب کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں شرکت کیلئے مریم نواز بھی حمزہ شہباز کے ہمراہ پہنچیں گی۔