ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کیخلاف سندھ اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر رولنگ کی مذمت سے متعلق قرارداد منظور کرلی گئی۔
ایوان میں قرارداد پیپلزپارٹی کی ندا کھوڑو اور ایم کیوایم کے سنجے پروانی نے پیش کی۔ ایم کیو ایم پاکستان نےقراردادکےحق میں ووٹ دیا۔
قرار داد کے متن کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کی غیرآئینی رولنگ کہ وجہ سے ملک میں آئینی بحران پیدا ہوا۔
اس دوران ایوان میں اپوزیشن لیڈر نے ملک کے غداروں کیخلاف دعا کرانےکا کہا،جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے اپوزیشن لیڈر کا مائیک بند کردیا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ اور اسپیکر آغا سراج درانی میں نوک جھونک ہوتی رہی۔ بعد میں سندھ اسمبلی کا اجلاس غير معينہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف مبینہ بیرون ملک مداخلت پر پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی نے مذمتی قرارداد بھی جمع کروائی ہے۔ یہ قرار داد حلیم عادل شیخ ،خرم شیر زمان ، بلال غفار ،شہزاد قریشی سمیت دیگر ارکان نے جمع کرائی۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سازش کا حصہ بننے والے ارکان کیخلاف ایوان کاروائی کرے۔ بیرون ملک کی مداخلت سے حکومتیں گرانا جمہوریت کے منافی ہے۔ اور یہ معاملہ انتہائی حساس اور ملک کی سالمیت کا ہے