|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2022

مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نےکہا ہےکہ  ڈپٹی اسپیکر نے 15 تاریخ تک اپنے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ کا شیڈول نہ دیا تو  اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہم ڈپٹی اسپیکرکے خلاف عدم اعتماد جمع کروا چکے ہیں، آئین کے تحت ڈپٹی اسپیکرکے خلاف 16 اپریل تک ووٹنگ ہونا لازمی ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کچھ اراکین کا کہنا ہےکہ زبردستی ان سے استعفے لیےگئے ہیں، ڈپٹی اسپیکر صاحب ایسا کوئی کام نہ کریں جو غیر قانونی ہے، ڈپٹی اسپیکر نے 15 تاریخ تک تحریک عدم اعتماد سے متعلق شیڈول نہ دیا تو  اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے زبردستی استعفے لے کر قاسم سوری کے پاس جمع کرائے، اس طرح استعفے نہیں ہوتے یہ استعفیٰ نہ دینے  والی بات ہے ، اسمبلی سیکرٹریٹ کو مجبور کیا جا رہا ہےکہ بغیر کسی نوٹنگ اور شرائط پوری کیے استعفے لیے جائیں، ہر ممبر کو ذاتی حثیت میں آکر اسپیکر کے سامنے استعفیٰ لکھ کر دینا ہوتا ہے، ایک سائیکلو اسٹائل دستاویز ہے جس پر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے دستخط کرائےگئے۔