|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2022

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے افغانستان سیکورٹی فورسز کی مدد سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کا سراغ لگا لیا، گینگ کے 3 ملزمان کو افغانستان سے گرفتار کرلیا گیا، ملزمان 500 ڈالر میں جعلی ویزا تیار کرتے تھے۔ 

ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد کی کوششوں سے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں موجودانسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک گرفتار کرلیا۔ گزشتہ سال جعلی پاکستانی ویزے پر پاکستان سے آئرلینڈ جانے کی کوشش کرنے والے افغانی باشندے پر درج کیس میں مزید پیش رفت ہوئی۔

دوران تفتیش ملزم میر آغا سلیمی نے انکشاف کیا کہ جعلی ویزہ لگانے والے ایجنٹس افغانستان سے آپریٹ کر رہے ہیں جس پرڈپٹی ڈائریکٹر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل ایف آئی اےاسلام آباد زبیر احمد شیخ نے افغان سفارتخانے سے رابطہ کیا اور افغانستان میں موجود ایجنٹس کے خلاف کاروائی کی درخواست کی۔

 

افغان سفارتخانے کی طرف سے ایف آئی اے اسلام آباد زون کو آگاہ کیا گیا ہےکہ افغانستان سیکورٹی فورسز نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئےملوث ایجنٹس کوگرفتار کر لیا۔

گرفتار کیے گئے ملزمان میں حاجی کریم اللہ صدقی، محمد رازق امق اور کیہان شامل ہیں، ایف آئی اے کی جانب سے افغانستان سفارتخانےاور افغان سیکیورٹی ادارے کی اس کاوش کو سراہا گیا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی سرزمین کو ناجائز مقاصد کے لیے ہرگز استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔