|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2022

کوئٹہ: قبائلی رہنما نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کسی کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے،عوامی طاقت سے مستونگ کے عوام کو تقسیم کرنے کیلئے صف آراء لوگو ں کو شکست دیں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مستونگ کے قبائلی معتبرین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ایک مرتبہ پھر بہت سے چہرے عوام میں دکھائی دے رہے ہیں جو مستونگ کے عوام کو تقسیم کرنے کیلئے صف آراء ہیں تاہم انہیںماضی کی طرح اب بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑئیگا۔ انہوںنے کہاکہ مستونگ کے لوگ سیاسی طورپر باشعور ہیں اپنے اچھے او ر برے کی تمیز کرنا جانتے ہیںہر محاذ پر مستونگ عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف سراوان نواب اسلم خان رئیسانی نے اپنی سیاسی زندگی اور اقتدارعوام کی خدمت کرتے ہوئے گزاری ان کے دور حکومت میں مستونگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہوا جن سے نہ صرف مستونگ بلکہ ملحقہ اضلاع کے لوگ بھی مستفید ہورہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ حالیہ دورانیہ میں اپوزیشن میں ہوکر تمام تررکاوٹوں کے باوجود چار سالوں کے دوران نواب اسلم خان رئیسانی نے عوام کے حقوق کیلئے پرعزم جدوجہد کرکے ممکنہ وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مستونگ کے عوام بلدیاتی انتخابات میں موقع پرستوں اور مفاد پرستوں کیلئے میدان خالی نہ چھوڑکر حقیقی سیاسی کارکنوں کو نمائندگی کا اختیار د ے کر منتخب کرائیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پربنیادی سہولیات میسر آئیں۔