|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2022

کراچی: کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ یونٹ1-، “ویٹ ٹیسٹ” کی کامیابی کے بعد 30اپریل 2022سے مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔یہ یونٹ 180 میگاواٹ ریٹڈ ہے۔ مکمل طور پر فعال یہ منصوبہ مسلسل قومی گرڈ میں توانائی کے اضافے کا سبب ہے۔ 720 میگاواٹ کے 500 کے وی سوئچ یارڈ پر مشتمل کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے 02 اپریل 2022 کو بیک انرجیائزیشن کا حصول ممکن کر دکھایا اوراب کروٹ پراجیکٹ کے یونٹ-1 کی مکمل فعالیت اس منصوبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ مزید براں،یونٹ-2 کیلئے ویٹ (Wet)لگانے کا آغاز کر دیا گیا ۔

جبکہ کروٹ HPP ٹیم NTDC کے تعاون سے شیڈول کے مطابق باقی یونٹوں کی جانچ اور کمیشننگ کرے گی۔اس موقع پر کروٹ پاور کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او مسٹر وانگ منشینگ نے کہاکہ یہ کامیابی ہمارے چینی اور پاکستانی عملے کی محنت کا ثمر ہے۔یونٹ 1 سے پیدا ہونے والی توانائی پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے اور نیشنل گرڈ کی بہتری کیلئے مدد گار ثابت ہو گی۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کابروقت آغازپاکستان کو مستقبل میں درپیش توانائی کی کمی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے معاون ہے۔ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ CPEC کے تحت چلنے والا پن بجلی کا پہلا بڑا منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ کل 720MW کی استعدادرکھتا ہے اور تکمیل کے بعد اس منصوبے سے سالانہ تقریباً 3.2 بلین کلو واٹ صاف توانائی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔یہ منصوبہ ملک میں تقریباً 50 لاکھ صارفین کی بجلی کی طلب کو پورا کرے گا، جس سے بجلی کی فراہمی کے دباؤ میں واضح کمی آئے گی۔ اس پروجیکٹ کا مقصد 2022 کے وسط تک کمرشل آپریشن شروع کرنا ہے۔ کروٹ پروجیکٹ کیلئے چائنا تھری گورجز کارپوریشن نے مالی تعاون فراہم کیا ہے اور یہ منصوبہ دنیا میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کے عالمی مشن کو “کلین اینڈ گرین” تقاضوں کے مطابق پورا کرنے کی راہ میں اہم قدم ہے۔