|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2022

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی رہائش گاہ پر بلیدہ بٹ کے اہم شخصیات، بی این پی مینگل کے اہم سیاسی کارکنان عبدالباسط ولد کہدہ محمد عظیم، راشدحمل ولد حمل، نوربخش ولد غلام محمد، ناصر علی ولد غلام حیدر، ماجد اختر ولد محمداختر، کامران منیر ولد منیر احمد اور معروف سیاسی وسماجی کارکن قمبرامام ولد امام بخش سمیت دیگر سیاسی کارکنان نے نیشنل پارٹی کے سیاسی حکمت عملی اور اغراض و مقاصد سے اتفاق کرتے ہوئے نیشنل پارٹی میں اپنی شمولیت کااعلان کردیا، شمولیت کرنے والوں کی نمائندگی کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہاکہ ڈاکٹرمالک بلوچ ایک ایماندار، دیانتدار، مخلص سیاسی قائد ہیں۔

ان کی مختصر مدت کی وزارت اعلیٰ کے دور کی کارکردگی نے آج ہر سیاسی کارکن کو بلوچستان کیلئے سوچنے پرمجبورکردیا ہے کیونکہ ڈاکٹرمالک بلوچ ایک وسیع النظر اور بلند سوچ کے مالک ہیں انہوں نے مختصر مدت میں بلوچستان کو آگ وخون سے نکال کر امن و ترقی کے راستے پر ڈال دیا تھا اورتربت جیسے کھنڈرشہر کانقشہ بدل کررکھ دیا انہوں نے کہاکہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کارلائیں گے، علاقہ میں پارٹی کوفعال ومنظم بنانے کیلئے پارٹی پیغام کوگھرگھر پہنچائیں گے، نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ مخلص، نظریاتی وسنجیدہ فکر سیاسی کارکن ہمارا اثاثہ ہیں عبدالباسط ودیگر ساتھیوں کے شکرگزارہیں کہ انہوں نے نیشنل پارٹی کی قومی اور وطنی سوچ سے اتفاق کرتے ہوئے بلوچ کو ایک خوشحال اوربہتر مستقبل دینے کیلئے نیشنل پارٹی کے قومی کاروان کاحصہ بنے ہیں ان کی شمولیت انتہائی خوش آئند ہے جس کااثرنہ صرف بلیدہ بلکہ پورے حلقہ پر پڑے گا۔

بلوچستان بھرکی طرح بلیدہ زامران ہوشاپ کے حلقے میں بھی نیشنل پارٹی بڑی تیزی کے ساتھ منظم ہورہی ہے، بلوچستان کامستقبل نیشنل پارٹی سے وابستہ ہے انہوں نے کہاکہ صحبت پور، بارکھان سے لیکر گوادرتک عوام نیشنل پارٹی کے پرچم تلے منظم ہورہے ہیں،نیشنل پارٹی حالیہ بلدیاتی الیکشن اور آئندہ جنرل الیکشن میں بھرپورکامیابی حاصل کرے گی، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی قائل ہے، پارٹی کو اقتدار میں آنے کا موقع ملا تو پہلی فرصت میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے اقدام اٹھائے گے کیونکہ نیشنل پارٹی کی سوچ ہے کہ جواختیارات اسلام آباد سے کوئٹہ منتقل ہوئے ہیں انہیں بلدیاتی اداروں کے ذریعے کوئٹہ سے نچلی سطح پر منتقل کرنا ضروری ہے، بالخصوص تعلیم و صحت کے شعبے سمیت صحت وصفائی، آبنوشی ودیگر شعبہ جات میں بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔

اس وقت بلوچستان کے بلدیاتی ادارے تباہ حال ہیں، بلدیاتی ادارے بحران کے شکار ہیں ان کے ڈیلی ویجز ملازمین جن سے انتہائی کم اجرت پرکام لیاجاتاہے ان کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی ممکن نہیں ہوپاتی اور خاکروبوں کو تنخواہوں کیلئے بھی احتجاج کرناپڑتاہے، ڈاکٹرمالک بلوچ نے اس موقع پر لندن میں مقیم محمد اقبال بلوچ کا شکریہ اداکیا جن کی کوششوں سے عبدالباسط جیسے ساتھیوں نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی پروگرام میں نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی، واجہ ابوالحسن بلوچ، جسٹس (ر) شکیل احمدبلوچ، ملابرکت بلوچ، نثار احمد بزنجو، مشکور انور، ڈاکٹرعیسیٰ خان، نعیم عادل، حفیظ علی بخش ودیگررہنما بھی موجودتھے۔