|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2022

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سر دار یار محمد رند نے کہا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث بھاگ شہر کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے پانی کی قلت، بد امنی اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے مگر صوبائی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگھ رہی ، عوام اپنے حق کے لئے باہر نکلنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، سردار یار محمد رند نے کہا کہ بھاگ شہر کربلا کا منظر پیش کررہا ہے،شہر کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیںبھاگ واٹر سپلائی پر حکومتی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہے جسکی وجہ سے عوام پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیںعلاقے میں انسانی زندگی کے ساتھ ساتھ زراعت اور مال مویشی بھی خطرے میں ہیں انتظامیہ کو بارہا شکایات کرنے کے باوجو دبھی عوامی مسائل جوں کے توں ہیں انہوں نے کہا کہ بھاگ واٹر سپلائی کو نظر انداز کرنے کا حکومتی رویہ قابل مذمت ہے۔

حکومتی غفلت اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی بھاگ شہر کے شہری اپنے حق کے لئے نکلیں گے اور اپنا حق لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھاگ میں بد امنی کی وارداتیں قابل تشویش ہیں گزشتہ روز بھی وہاں ڈاکہ زنی کی واردات پیش آئی ہے جسکی وجہ سے عوام دہری پریشانی میں مبتلا ہیں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ بھاگ میں امن و امان قائم کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں یکسر طور پر ناکام ہوچکی ہے وزیر اعلی, 72 گھنٹے سوئے رہتے ہیں انہیں عوام کی تکالیف اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں ہے۔