|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2022

کوئٹہ پیکج گزشتہ دو حکومتوں کے دورسے تعطل کا شکار ہے شہر کی بڑھتی آبادی کے باعث مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، ٹریفک کا دباؤ، سیوریج کانظام، پانی سمیت دیگر اہم مسائل ہیں جو حل طلب ہیں کوئٹہ پیکج ایک بہترین پروجیکٹ ہے جس کی تکمیل سے کوئٹہ شہر کے بہت سے مسائل حل ہوجائینگے ۔

کوئٹہ شہر میں اس وقت تین اہم بنیادی مسائل کا سامنا عوام کررہے ہیں ایک شاہراہوں کی توسیع، سیوریج کا نظام اور پانی کی قلت ، ان کا فوری حل بہت ضروری ہے ۔ملک کے دیگر دارالخلافہ میں تیزی کے ساتھ ترقیاتی کام ہورہے ہیں ،اورنج لائن بس، ٹرین سروس، انڈرپاسز، پُل اور شاہراہوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ چند تکمیل کے مراحل میں ہیں مگر بدقسمتی سے کوئٹہ شہر میں گرین لائن بس کا وعدہ وفا تک نہ ہوا اور نہ ہی ٹرین منصوبہ۔

حالانکہ دیگر شہروں میں بڑے پروجیکٹ سی پیک منصوبوں کے تحت اور اس کا حصہ ہیں جبکہ سی پیک کا محور ومرکز گوادر سمیت دیگر اضلاع میں خاص بڑے پروجیکٹ دکھائی تک نہیں دیتے جو بہت بڑا المیہ ہے۔ بہرحال گزشتہ روز کوئٹہ پیکج کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے جس طرح سے سست روی پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے اس پروجیکٹ کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے احکامات اور ہدایات جاری کی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کی تکمیل میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے پیکج کے منصوبوں خاص طور سے سریاب روڈ اور سبزل روڈ کی توسیع کے منصوبوں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہو تا ہے نہ کہ انہیں عذاب اور تکلیف میں مبتلا کرنا۔

سریاب روڈ اور سبزل روڈ کے مکین منصوبے کی عدم تکمیل کے باعث گزشتہ 2 سال سے مسائل ومشکلات کا شکار ہیں۔انسکمب روڈ کی توسیع جیسا اہم منصوبہ ٹریفک کے مسائل کم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیابدقسمتی سے انسکمب روڈ کا منصوبہ بھی تعطل کا شکار ہے۔میرعبدالقدوس بزنجونے انسکمب روڈ کی توسیع کے منصوبے کو 31 مئی 2022تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ عوام کی تکلیف کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے اخراجات میں اضافہ اور وسائل کا ضیاع ہوتا ہے۔منصوبوں میں جہاں بھی تکنیکی یا دیگر مشکلات ہیں انہیں فوری دور کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پیکج کے منصوبوں کی پیش رفت رپورٹ انہیں روزانہ کی بنیاد پر دی جائے جبکہ چیف سیکریٹری خود منصوبوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیکر پروگریس رپورٹ پیش کریں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کے متعلق یہ بات زبان زدعام ہے کہ وہ عوامی مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہیں اور ان کو حل کرنے کے حوالے سے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لاتے ہیں امید یہی کرتے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کوئٹہ پیکج کی تکمیل کو یقینی بنائینگے تاکہ کوئٹہ شہر جو مسائل میں گِرا ہوا ہے ان سے نکل سکے اور عوام جس قدر ذہنی اذیت اور مشکلات کے باعث مسائل کا سامنا کررہے ہیں انہیں بھی نجات مل سکے، اس طرح کے عوامی نوعیت کے منصوبوں کے حوالے سے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوںکے مسائل حل ہوسکیں ۔عوام امید اور توقع رکھتی ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنی مدت میں بعض منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائے گی ۔