کراچی میں نمائش چورنگی پر مظاہروں میں شام کو شدت آ گئی جس کے نتیجے میں مشتعل افراد نے ایک پولیس موبائل کو نذرآتش کردیا جبکہ پتھراؤ سے ایس پی سمیت کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی تاہم مظاہرین کی تعداد مزید بڑھتی گئی۔
شارع قائدین پر خداداد کالونی چورنگی اور نورانی چورنگی کے علاوہ نورانی چورنگی پر بھی ہنگامہ آرائی جاری ہے۔
اس سے قبل نمائش چورنگی پر تحریک انصاف کارکنان نے جمع ہونے کی کوشش کی، پولیس نے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے نورانی سگنل اورخداداد سگنل اوراطراف کی تمام دکانیں بند کروادیں، رہنما تحریک انصاف خرم شیر زمان خداداد کالونی سگنل پہنچ گئے۔
خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پولیس مظاہرین کو ڈنڈے مار رہی ہے، شیلنگ، ہوائی فائرنگ کررہی ہے، پولیس نے عورتوں کو بھی ڈنڈے مارے، ہم پر امن بیٹھے تھے۔
نمائش چورنگی پر کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی، نورانی سگنل پر حالات کا جائزہ لینے ڈی آئی جی ایسٹ پہنچ گئے۔
مظاہرہن کے پتھراؤ سے 2 پولیس موبائلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کرتے ہوئے پولیس موبائل پر توڑ پھوڑ بھی کی۔