|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2022

کراچی میں تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کےلیے کئی اہم شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ متعدد مقامی رہنماؤں اور کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

کراچی میں نمائش چورنگی پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس نے انتظامات مکمل کرلئے اور ہیڈ کوارٹرز سے پولیس کی اضافی نفری نمائش چورنگی پہنچ گئی۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اینٹی رائٹ فورس اورڈسٹرکٹ پولیس مظاہرین کی پیش قدمی روکے گی جبکہ ممکنہ گرفتاریوں کے پیش نظر قیدیوں کو لےجانےوالی 2 گاڑیاں(وین) بھی نمائش چورنگی پہنچادی گئی ۔

 

پولیس کےمطابق ایم اے جناح روڈ کوعام ٹریفک کےلئےبند کردیا گیا ہے۔ایم اے جناح روڈ کو ایک جانب گرومندر دوسری جانب کیپری سینما سے بند کیا گیا۔ ادھر شاہراہ قائدین کو بھی سوسائٹی آفس سےنمائش کی جانب بند کیا گیا ہے۔نمائش چورنگی سے ملحقہ راستوں کورکاوٹیں اور ٹینکرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور نمائش چورنگی پر کسی بھی طرح کے احتجاج کی اجازت نہیں ہے۔

بدھ کی صبح تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث پیپلز سیکرٹیریٹ کے پاس کوریڈور تھری بند کردی گئی۔ اس دوران وہاں سے گزرنےوالےشہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

اس سے قبل کراچی میں تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لئے پولیس نے رات گئے سے صبح تک کریک ڈاؤن کرتےہوئے مختلف علاقوں سے 170 سے زائد کارکنان اورعلاقائی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ زیادہ ترگرفتاریاں ساؤتھ زون سے کی گئیں اور گرفتارافراد کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے۔

سماء کے رپورٹرز نے بتایا کہ لیاری کلاکوٹ اور بغدادی میں پولیس نے رات گئے چھاپہ مارکرسابق ایم این اے کےکوآرڈینیٹر سمیربلوچ سمیت 7 کارکنان کو گرفتار کیا۔کیماڑی میں چھاپوں کے دوران ضلعی عہدیدار امجد آفریدی سمیت 16 افراد گرفتار کرلئے گئے۔

ایم این اے آفتاب جہانگیر کے گھر پر چھاپہ مارکرچھوٹے بھتیجے کو گرفتار کرلیا گیا۔

پی ٹی آئی ایم پی اے رابستان خان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے بڑے بھائی کو گرفتار کرلیا۔

پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی غلام پولیس رات پھر سے پی ٹی آئی ورکرز کو سونگتی پھررہی ہے اور پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو گھروں سے گرفتار کیا گیا۔

خرم شیر زمان نے یہ بھی کہا کہ چادرچاردیواری کا تقدس پامال کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا۔