امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 19 بچے اور 2 اساتذہ جاں بحق ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کےمطابق ریاست ٹیکساس میں میکسیکو کی سرحد کے نزدیک چھوٹے سے قصبے یویلڈے میں 18 سالہ امریکی نوجوان شہری سلواڈور راموس نے فائرنگ کردی۔
گورنر گریگ ایبٹ نے بتایا کہ حملہ آور نے اسکول میں داخل ہوکر بلاتفریق بچوں کو نشانہ بنایا۔
ٹیکساس پولیس ڈپارٹمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ حملہ آور نے اسکول پر حملے کرنے سے قبل اپنی دادی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
حملہ آور کے پاس ہینڈ گن اور رائفل تھی اور وہ بلٹ پروف جیکٹ بھی پہنا ہوا تھا۔ حملہ آور کو جائے وقوع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
صدر جو بائیڈن نے اس واقعے پر کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اس واقعے سے ہونے والے درد اور دکھ کو ہر والدین اور ملک کے ہر شہری کے لیے عملی اقدامات میں منتقل کیا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جنھوں نے گن لاء کو رائج ہونے سے روکنے کے لیے قانون سازی نہیں ہونے دی، ان کو ہم نہیں بھولیں گے۔
واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے امریکی پرچم سرنگوں کرنے کا اعلان کیا گیا۔