کوئٹہ میڈیکل سپریٹنڈنٹ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ نے عوامی مشکلات کے پیش نظر نجی فارماسوٹیکل کمپنیوں کے نمائندگان کے اسپتال احاطہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے سربراہ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے بتایا ہے کہ پابندی کا یہ اقدام بیرونی مریضوں اور اسپتال میں داخل مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اٹھایا گیا .
ان کا کہنا تھا کہ سول سنڈیمن اسپتال کی او پی ڈیز اور دیگر شعبوں میں مریضوں کی غیر معمولی رش کے باوجود ادویات کمپنی کے نمائندے ڈاکٹرز کا وقت ضائع کرتے ہیں صوبے کے دور دراز پسماندہ علاقوں سے مریض علاج معالجے کے لئے آتے ہیں اور ہماری پہلی ترجیح مریضوں کا علاج ہی ہونا چاہیے.
انہوں نے کہا کہ اسپتال میں ہر وقت دوا ساز کمپنیوں کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد کی بھرمار رہتی ہے.
جس کے باعث مریضوں کے لئے وقف ٹائم کا ضیاع ہوتا ہے اس لئے مریضوں کو مناسب وقت دینے اور غیر ضروری رش سے اجتناب کے لئے دوا ساز کمپنیوں کے نمائندوں کے اسپتال میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے انہوں نے کہا کہ سول سنڈیمن اسپتال کی حدود میں دوا ساز کمپنیوں کا کوئی بھی نمائندہ پایا گیا تو اسے پولیس کے حوالے کرکے ایف آئی آر درج کی جائیگی اور اس ضمن میں کوئی معذرت قبول نہیں کی جائیگی۔