|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2022

کوئٹہ:  پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ کے ضلعی سیکرٹری چیئرمین اللہ نور خان ودیگر سیاسی پارٹیوں وسماجی رہنمائوں نے گزشتہ روز تحصیل مسلم باغ پارٹی کے دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔

پریس کانفرنس میں انہو ں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں تین نئے اضلاع کے اعلان کیا لیکن مسلم باغ ضلع کا اعلان نہ کرنا قابل افسوس ہے ۔ صوبے کی سب سے پرانی انتظامی تحصیل ہونے، آبادی اور ریونیو کے تمام ریکوائرمنٹس پورے ہونے کے باوجودذاتی و گروہی مفادات کیلئے مسلم باغ ضلع کے قیام میں رکاوٹیں ڈالنا قابل افسوس ،قابل گرفت اور قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے سب سے پرانے تحصیل جو 1908 سے پہلے کی تحصیل ہے اب تک ضلع نہ بن سکا مختلف نئے اضلاع بن رہے ہیں لیکن پرانی روش برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھرمسلم باغ کوضلع بننے سے محروم کیا گیا ہے جو کہ نہایت افسوس ناک عمل ہے۔ 1990 کے بعد تحصیل بنے والے علاقے ضلع بن گئے۔

لیکن کچھ عناصر اپنی ذاتی فوائد اور سیاسی اجارہ داری برقرار رکھنے کیلئے لاکھوں لوگوں کی تحصیل کو ضلع بنانے کی راہ میں رکاوٹ ہے جو انتہائی افسوس ناک اور باعث تکلیف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہو ںنے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں مسلم باغ کے عوام میں مشکلات حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ ر ہے ہیں تحصیل مسلم باغ کی آبادی دولاکھ سے زائد ہے مردم شماری صحیح نہ ہونے کی وجہ سے کم شمار کیا گیا ہے۔

جبکہ ضلع قلعہ سیف اللہ کی آبادی پانچ لاکھ سے زائد ہے۔انہو ںنے کہا کہ مسلم باغ ضلع بننے سے انتظامی اقدامات اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔ آج پشتونخواملی عوامی پارٹی اوردیگر سیاسی پارٹیوں اور سماجی رہنمائوں کی موجودگی تمام عوام کی طرف سے صوبائی وزیراعلی ،صوبائی کا بینہ اور صوبائی اسمبلی سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ جلد از جلد ضلع مسلم باغ کے قیام کا اعلان کیا جائے بصورت دیگر ہم اپنے عوام کے تائید وحمایت سے بھر پور احتجاج کرینگے اور موثر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔