فیس بک کی جانب سے ٹک ٹاک کو حریف سمجھ کر اس کی طرح بننے کی کوشش کی جارہی ہے مگر چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ اپنے حریف سوشل نیٹ ورک کی طرح بننے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
ٹک ٹاک کے گلوبل بزنس سلوشن کے صدر بلیک چانڈل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فیس بک ایک سوشل پلیٹ فارم ہے، انہوں نے اپنے تمام الگورتھم سوشل گراف پر تیار کیے ہیں، یہی ان کی بنیاد ہے، مگر ہمارا ماڈل یہ نہیں، ہم ایک تفریحی پلیٹ فارم ہیں اور دونوں کمپنیوں میں یہ بہت بڑا فرق ہے۔
ٹک ٹاک عہدیدار کی سوشل گراف سے مراد وہ ڈیٹا ہے جو انفرادی طور پر لوگوں کے درمیان تعلقات کو ٹریک کرنے کے لیے اکٹھا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک ایک سوشل پلیٹ فارم ہے اور ہم ایک انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم ہیں۔
بلیک چانڈل فیس بک میں 12 سال تک کام کرتے رہے ہیں اور 2019 میں ٹک ٹاک کا حصہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک میں کام کرنے کے تجربے کے باعث انہیں اندازہ ہے کہ موجودہ جنگ میں کامیابی ٹک ٹاک کے نام رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گوگل پلس کے قیام کے بعد فیس بک میں وار رومز قائم کیے گئے تھے، مگر وقت کے ساتھ یہ واضح ہوگیا کہ گوگل پلس ناکام ہوچکا ہے، کیونکہ گوگل کی بنیادی خاصیت سرچ ہے جبکہ سوشل پلیٹ فارم کے حوالے سے فیس بک کا کوئی مقابلہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا ‘میں اب دوبارہ یہی دیکھ رہا ہوں، ہم ٹک ٹاک میں لوگوں کو ثقافتی اقدار پر مبنی تفریح فراہم کرنے کے حوالے سے بہت اچھے ہیں، جو فیس بک میں اس وقت تک ممکن نہیں جب تک وہ کمپنی مکمل طور پر اپنی بنیاد کو بدل نہ دے، اور مجھے نہیں لگتا کہ ایسا ہوگا’۔