اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے امید ہے پانی کی قلت کم ہو جائے گی ،حکومت کی کوشش ہے تمام صوبوں کو پانی کی یکساں سہولت دی جائے، بلوچستان اور سندھ کو اس کے حصے کا پانی بروقت فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے، بلوچستان کے معاملے پر قائم ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں جلد وزیر اعظم کو مفصل رپورٹ پیش کی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی وسائل خورشید شاہ کی زیر صدارت بلوچستان کوپانی فراہمی کے بار ے میں خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں وفاقی وزرا ایاز صادق ، آغا حسن بلوچ ، ممبر اسمبلی خالد مگسی ، وفاقی سیکریٹری آنی وسائل ، چئیرمین و ممبران ارسا سمیت دیگر نے شرکت کی ۔آبی وسائل اور ارسا کے حکام نے اپنے دورہ سندھ کی رپورٹ پیش کی۔ حکام کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کو ضرورت کے مطابق پانی کی فراہمی چند دنوں میں شروع کر جائے گی۔ بلوچستان کو تین دنوں میں مذید 6ہزار کیوسک پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی ۔
چند دنوں میں اوچھ اور منوٹھی کنال سیبھی پانی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ کا اس موقع پرکہناتھا کہ امید ہے حالیہ بارشوں سے پانی کی قلت کم ہو جائے گی۔حکومت کی کوشش ہے کہ تمام صوبوں کو پانی کی یکساں سہولت دی جائے۔ بلوچستان اور سندھ کو اس کے حصے کا پانی بروقت فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے بلوچستان کو پانی کی کم فراہمی کے حوالے سے زیلی کمیٹی بنائی جو خود دورہ کر کے آئی ہے۔ بلوچستان کے قائدین خود دیکھ کر آئے ہیں کہ سندھ بلوچستان کی حق تلفی نہیں کر رہا۔ آنے والے دنوں میں بلوچستان کوپانی کی فراہمی کے حوالے شکایت نہیں ہوگی۔ ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں جلد وزیر اعظم کو اس بارے مفصل رپورٹ پیش کی جائے گی۔