کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم قوم پرست جماعت کے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) کے مطابق گرفتار دہشت گرد گلبائی میں دو چائینیز انجینیرز کے قتل میں ملوث ہے۔
گرفتار مشتبہ شخص کراچی یونیورسٹی میں چینی شہریوں پر خود کش حملہ کرنے والی شاری بلوچ کے شوہر سے رابطہ میں بھی تھا۔ مشتبہ شخص کو کراچی یونیورسٹی خودکش دھماکے سے قبل بلوایا گیا تھا۔
گرفتار مشتبہ شخص موبائل فون ایپ پر ہینڈلرز سے رابطے میں رہتا تھا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق مشتبہ شخص نے افغانستان سے دھماکا خیز مواد بنانے کی تربیت حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی چینی لینویج سینٹر کے باہر خود کش حملے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں چینی کنفوشیس زبان سکھانے والے ادارے کے ڈائریکٹر بھی شامل تھے۔ خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔
حملے میں خاتون خود کش بمبار کو استعمال کیا گیا تھا۔ جس کا نام شاری بلوچ تھا۔