|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2022

اسلام آباد:  اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم، یو این او ڈی سی کے ‘فوجداری نظامِ انصاف و قانونی اصلاحات پروگرام’ کے زیراہتمام بلوچستان لیویز فورس کے اشتراک سے “بنیادی تحقیقاتی مہارتوں ” پر بلوچستان لیویز فورس کے افسران کے دوسرے بیچ نے تربیت مکمل کر لی۔ 18 سے 22 جولائی تک لیویز ہیڈکوارٹرز کوئٹہ میں منعقد ہونے والی اس تربیت میں 30 تحقیقاتی افسران نے حصہ لیا جبکہ 27 جون سے یکم جولائی تک منعقد ہونے والی تربیت کے پہلے بیچ میں 34 تحقیقاتی افسران نے تربیت حاصل کی تھی۔

بنیادی تحقیقاتی مہارتوں پر تربیت کے آخری سیشن کے بعد یو این او ڈی سی کی جانب سے انہی تحقیقاتی افسران کو “ایڈوانسڈ تحقیقاتی مہارتوں ” پر تربیت دی جائے گی جس کے ذریعے ابتدائی تربیت کے دوران حاصل کی گئی بنیادی معلومات اور مہارتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اپنی طرز کے اس منفرد پروگرام کا مقصد فراہمی خدمات کے شعبے میں پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر اور موثر بنانا ہے جس کے تحت مختلف بنیادی مہارتوں مثلا جائے وقوعہ سے متعلق امور، ایڈوانسڈ قوانین، تحقیقاتی مہارتوں، صنفی تشدد کے واقعات سے متعلق کارروائیوں، کمیونٹی پولیس نظام اور فورانزک شواہد جمع کرنے کے طریقوں پر افسران کی صلاحیتوں میں بہتری لائی جائے گی۔ اس تربیت کے سلسلے میں عمدہ اور موثر تحقیقاتی عمل، پوچھ گچھ، اور متاثرین، گواہان اور مشتبہ افراد کے انٹرویو کی مہارتوں کو استعمال میں لانے اور بہترین مروجہ طریقوں کے بارے میں تربیتی افسران کی سوجھ بوجھ بہتر بنانے کے لئے کئی مختلف ماڈیولز تیار کئے گئے ہیں۔

تربیتی پروگرام میں فرائض کی انجام دہی کے دوران دبا کی کیفیت سے نمٹنے کے طریقوں، پیشہ ورانہ سوچ، اور طرزِعمل میں مثبت تبدیلی پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس قادر بخش پیرکانی نے اپنے اختتامی کلمات میں اس تربیت کے انعقاد پر یو این او ڈی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جو مہارتیں ہم نے یہاں سیکھی ہیں ان کی پریکٹس کریں اور ان کی مدد سے اپنی صلاحیتوں کو بہتر سے بہتر بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سپیشلائزڈ تربیتی سیشن ہمیں ایک شاندار موقع فراہم کرتا ہے اور اب ہمارا فرض ہے کہ فیلڈ میں اپنے اس علم کو عمل کی شکل میں اپنائیں۔ تربیت کے شرکا نے تربیتی مواد اور اس سے حاصل ہونے والی مہارتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں معاونت فراہم کرنے پر یو این او ڈی سی کا شکریہ ادا کیا۔ قانون کی حکمرانی کے شعبے میں ای یو ڈی کے مالی تعاون سے کام کرنے والے اس پراجیکٹ کے تحت بلوچستان لیویز فورس کو تکنیکی اور مادی وسائل کی شکل میں معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔