|

وقتِ اشاعت :   August 6 – 2022

تربت:  بارڈر کمیٹیوں نے مطالبہ کیاہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مبینہ بھتہ خوری کانوٹس لیکر ڈی سی کیچ کاتبادلہ اور ملوث لیویز افسران کے خلاف انکوائری کرائی جائے بصورت دیگر16اگست سے عبدوئی بارڈر بند کرکے سی پیک شاہراہ پر غیرمعینہ مدت کیلئے دھرنا دیاجائے گا، یہ مطالبہ بارڈر کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں کیاگیا، بارڈر کمیٹی تربت، بارڈر کمیٹی بلیدہ،بارڈر کمیٹی ہوشاپ، بارڈر کمیٹی تمپ، بارڈر کمیٹی دشت، بارڈر کمیٹی مند، بارڈر کمیٹی کولواہ، بارڈر کمیٹی ناصر آباد،بارڈر کمیٹی زامران کا مشترکہ اجلاس گزشتہ شام منعقد ہوا جس میں درج بالا بارڈرکمیٹیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

بارڈر کمیٹیوں کے اجلاس میں اس بات پر شدید تشویش کااظہارکیاگیاکہ انتظامیہ کی جانب سے بارڈر پر کاروبارکیلئے لائن سسٹم شروع کیاگیا جسے ڈی سی کیچ کی سرپرستی حاصل ہے جبکہ لیویز فورس کے میجر سماعیل، لطیف کاشاپی اور ابراہیم کے ذریعے یہ دھندہ چلایاجارہاہے، لسٹ کے تحت بارڈر پر چلنے والی گاڑیوں کے علاوہ مزید1200گاڑیاں روزانہ غیرقانونی طورپر لائن کے حساب سے گزاری جاتی ہیں فی گاڑی 25ہزار روپے بھتہ وصول کیاجاتاہے یہ 1200گاڑیاں ایرانی ودیگر اضلاع کی گاڑیاں ہوتی ہیں جس سے لسٹ والی گاڑیاں کا نمبر بہت دیرسے آتاہے اور گاڑی مالکان کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہوتاہے کیونکہ یہاں کے غریب لوگوں نے اپنی زندگی بھرکی جمع پونجی بیچ کر گاڑیاں خریدی ہیں کہ وہ بارڈرپر جاکر روزگارکریں گے مگر بارڈرپر غیرقانونی طورپر لائن کے ذریعے گاڑیوں کی آمدورفت عروج پرہے۔

جس سے غریب گاڑی والوں کی حق تلفی ہورہی ہے، اس کے علاوہ آج کل ایرانی گاڑیاں عبدوئی کراسنگ پوائنٹ پر تیل دینے کے بجائے بھتہ دیکر بارڈرپارکرکے تربت آکر تیل فروخت کرتے ہیں اس کی روک تھام بارڈرپر کی جائے، جبکہ اے ڈی سی کیچ غیرقانونی طورپر لسٹوں میں گاڑیوں کے نام نکال کر من پسند لوگوں کے نام ڈال رہے ہیں اب ہم تنگ آچکے ہیں بارڈرپر کاروبارسے منسلک لوگ بدحال ہوگئے ہیں کاروباری لوگ تباہ ہوگئے ہیں خدارا ہم پر رحم کریں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی ایف سی ساؤتھ سے اپیل کی کہ وہ غیرقانونی طورپر لائن سسٹم کے خلاف نوٹس لیں، ڈی سی کیچ کاتبادلہ اور ملوث لیویز افسران کے خلاف انکوائری کرائی جائے وگرنہ اب ہمارا متفقہ فیصلہ ہے کہ 16اگست کو عبدوئی بارڈر بندکرکے سی پیک شاہراہ پر دھرنا دیں گے۔