اسلام آباد: ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ عظیم شاہ سے آج یہاں چیف ایشیاء پیسیفک یواین Mrs.Ruth Mukwwana نے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں دونوں کے درمیان بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال،ریسیکو اور ریلیف آپریشن کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے چیف ایشیاء پیسیفک یواین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان شدید متاثر ہوا ہے۔لہذاامدادی تنظیمیں اور عالمی ادارے مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کے عوام کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ پورے صوبے میں املاک سمیت انفرسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب متاثرین کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی فوری تعمیر بڑے چیلنجز ہیں۔لیکن حکومت بلوچستان محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور،صوبے کی مجموعی صورتحال اورعوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے بات چیت بھی کی گئی۔
اس موقع پر چیف ایشیاء پیسیفک یواین نے موجودہ ایمرجنسی صورتحال میں بلوچستان کی ہر ممکن مدد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں یو این بلوچستان حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے چیف ایشیا پیسیفک یواین کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا