|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2022

کراچی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے امریکی سفیر مسٹر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی ملاقات امریکی سفیر کی خصوصی دعوت پر امریکی قونصلیٹ میں ہوئی طویل دورانیہ کی ملاقات میں وزیراعلیٰ اور امریکی سفیر کے درمیان بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے امریکی سفیر کو معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات و مواقعوں اور اس ضمن میں صوبائی حکومت کی پالیسی سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے دنیا کے سامنے کھول دیا ہے اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات اور ترغیبات کی فراہمی کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریکو ڈک معاہدہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی بہترین مثال اور حکومتی سرمایہ کارپالیسی کی اہم کامیابی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے۔

کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں امریکی سفیر کی جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان کی سرمایہ کاری کے فروغ کی پالیسی کو سراہا گیاانہوں نے کہا کہ ریکو ڈک معاہدہ اہم پیش رفت ہے جس سے دیگر بین القوامی سرمایہ کار کمپنیاں بلوچستان کی جانب راغب ہونگی امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی مارکیٹ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا سب سے بڑا شراکت دار ہے۔

امریکی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں بھی سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جائے گا اور بلوچستان کے مختلف شعبوں میں امریکی شراکت داری قائم کی جائیگی ملاقات میں بلوچستان میں بارشوں سے پیدا صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ نے امریکی سفیر کو سیلابی صورتحال نقصانات اور امداد و بحالی کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی امریکی سفیر نے بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ امریکی حکومت بارشوں سے تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی کے لیئے بھرپور معاونت فراہم کریگی انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس سیلاب کے بعد کی صورتحال کی بہتری کی مہارت موجود ہے اور ہم نے سندھ حکومت کے ساتھ سیلابی صورتحال کی بہتری کے لیئے کام کیا ہے اور بلوچستان حکومت کے ساتھ بھی سیلاب کے بعد کی صورتحال کی بہتری کے لیئے کام کر نے کے لیئے تیار ہیں وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں دلچسپی لینے اور امداد و بحالی کی سرگرمیوں میں معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی پر امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔