|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2022

کوئٹہ: بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال کے اثرات اشیا خردونوش کی قیمتوں پر پڑنے لگے کوئٹہ شہر میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہوگئی بیس کلو آٹے کا تھیلا 2500روپے تک جاپہنچا پیاز آلواور ٹماٹر بھی سو روپے کلو میں فروخت ہورہے ہیں ،تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کی شدید قلت ہونے سے آٹا دوکانوں سے غائب ہوگیا جن دوکانوں پر آٹا دستیاب ہے وہاں اسکی قیمت کئی گنابڑھ گئی ہے ایک کلو آٹے کی قیمت 125روپے جبکہ بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دوکاندار آٹے کی قلت کے باعث عام گاہکوں کو دو تین کلو سے زیادہ آٹا نہیں دے رہے ہیں دوکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث فلار ملز سے آٹا نہیں مل سکا ہے اس لئے آٹا کی قلت پیدا ہوئی ۔دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے آٹے کی قلت دور کرنے کیلئے کوئی اقدامات سامنے نہیں آئے ہیں آٹے کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ،،بھنڈی 250وپے کلو ،آلو ،پیاز اور ٹماٹر سو روپے کلو،ادرک اور لہسن پانچ سو روپے کلو میں فروخت ہورہے ہیں ۔عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیکر آٹے کی قلت کو دور اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔