گوادر: چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی سمیت فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے بنچ اور بار کا کردار اہم ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ گوادر کے موقع پر گوادر بار کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ بلوچستان اور ضلعی عدالتیں لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے کرادر ادا کررہی ہیں اس موقع پر چیف جسٹس نے گوادر بار میں وکلاء سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے انہوں نے کہا کہ وکلاء کو درپیش تمام مسائل زیر غور لائے جائیں گے چیف جسٹس بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ بار اور بینچ ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں لہذا وکلاء اپنی محنت جاری رکھیں جس سے نہ صرف بار اور بنچ کی توقیر میں اضافہ ھوگا بلکہ لوگوں کو بھی انصاف کی فراہمی میں حائل مشکلات دور ہونگیں۔
قبل ازیں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان نے سیشن کورٹ گوادر کا بھی دورہ کیا اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جسٹس عبدالحمید بلوچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی بھی ان کے ہمراہ تھے جہاں پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا بعدازاں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے ضلعی عدالتوں کا معائنہ کیا اور ریکارڈ چیک کیے انہوں نے جوڈیشل افسران کو زیر التواء مقدمات فوری نمٹانے کی ھدایت کی اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالوحید بادینی، ایڈیشنل سیشن جج محمد اقبال،اور سینئر سول جج غلام قادر شاہ بخاری سمیت جوڈیشل مجسٹریٹ ون گوادر محمد مراد جوڈیشل مجسٹریٹ ٹو شاہنواز لانگو جوڈیشل مجسٹریٹ جیوانی اظہر الدین بلوچ نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو اپنی اپنی عدلتوں میں کیسز اور اس سلسلے میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
دریں اثناء چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے گوادر کورٹ کمپلیکس میں چھت کی مرمت کے لیے چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چھت کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گوادر میں جوڈیشل لاک اپ گوادر کا بھی چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے دورہ کیا اور قیدیوں کو میسر سہولیات کا جائزہ لیا اور قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اس موقع پر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان نے جوڈیشل لاک اپ میں قیدیوں کو سہولیات کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر جوڈیشل لاک اپ میں قیدیوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ایم ایس سیول ہسپتال گوادر کی طلبی کی انہوں نے قیدیوں کو درپیش مسائل کے بارے میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات سید عبدالرزاق شاہ کو ہدایات جاری کیں۔