پسنی: چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان ایک روزہ دورے پر گزشتہ روز پسنی پہنچے اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ جناب جسٹس سردار احمد حلیمی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سیشن جج گوادر عبدالوحید بادینی اور جوڈیشل مجسٹریٹ شاکر حسین سمیت جوڈیشل افسران و وکلاء نے پسنی پہنچنے پر ان کا استقبال کیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے پسنی میں زیر تعمیر جوڈیشل بلڈنگ اور ججز کی رہائش گاہوں کا معائنہ کیا اس موقع پر انھیں چیف انجینئر اور ایکسیئن بلڈنگ بی اینڈ آر نے بریفنگ دی جبکہ ایس ڈی او بی اینڈ آر نے انہیں جوڈیشل بلڈنگ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کرایا چیف جسٹس نے ان سیکشنز پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور ضروری احکامات جاری کیے۔
چیف جسٹس نے پسنی میں جوڈیشل لاک اپ کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقات کرکے ان کے مسائل معلوم کئے اس موقع پر انہوں نے قیدیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت انصاف کے لئے ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ عدالتیں جزا اور سزا کا عمل جتنی جلدی ہو سکے مکمل کریں اور 337 اے کے جتنے مقدمات ہیں انھیں فوری نمٹایا جائے اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پسنی کو بھی ہدایت کی کہ جوڈیشل لاک اپ میں پانی بجلی اور کھانے کی سہولت بہتر کی جائے اور واش روم کی فوری مرمت کی جائے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان نے اس دوران ماتحت عدالت کا بھی دورہ کیا اور زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ چیک کیا بعد ازاں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو پسنی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ظہرانہ بھی دیا گیا۔