|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2022

پشاور: جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک فتنے سے ہمارا واسطہ ہے جسے ہم کچل چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ فتنہ تقریر کرتا ہے تو بونگی مارتا ہے، بھارت کے پائلٹ کو پکڑا اور 24 گھنٹے کے اندر بھارت کے حوالے کیا، پاکستان کے اسٹیٹ بینک کو تم نے آئی ایم ایف کے حوالے کیا۔

 

عمران خان کے آرمی چیف کی تقرری اور ملک میں انتخابات سے متعلق بیانات پر ردعمل میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پہلےکہتا تھا آرمی چیف کو رخصت کرو اب کہتا ہے ایکسٹینشن دو، آرمی چیف کی تعیناتی شہباز شریف کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اس کی چوری نکل آئی ہے ، اگر عدالت اس کے خلاف فیصلہ دیے تو عدالت غلط ہو جاتی ہے اور اگر الیکشن کمیشن اس کے خلاف فیصلہ دے تو وہ جانبدار ہو جاتا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اب عمران خان کہتا ہے میں کال دوں گا، حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتا، عمران خان سے وقت مانگا کس نے ہے؟ الیکشن ہماری مرضی سے ہوں گے، آپ آئیں، حکیم ثناء اللہ انتظار میں بیٹھا ہے۔