کوئٹہ :بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس جناب جسٹس گل حسن ترین پر مشتمل بینچ نے بلوچستان میں آٹے کی قیمتوں و دیگر سے متعلق دائر آئینی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ بلو چستان کو نوٹس جاری کرکے اگلی سماعت پرطلب کر لیا ہے۔
سنیئر قانون دان سید نذیرآغا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائرآئینی درخواست میں چیف سیکرٹری بلوچستان،سیکرٹری خوراک و زراعت، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور چیمبر آف کامرس کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار سید نذیر آغا نے موقف اختیار کیا کہ بلوچستان میں آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت 14سو روپے جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں 980روپے مقرر ہے اس سلسلے میں انہوں نے تمام صوبوں میں آٹے کے ریٹس کے نو ٹیفیکیشنز عدالت میں پیش کئے اور بتایا کہ بلوچستان میں عوام کو آٹے کے حصول میں مشکلات درپیش ہیں
بلکہ عام آدمی 20کلو تھیلا 24سو سے 2500روپے تک خریدنے پر مجبور ہیں جوآئین کے آرٹیکل 25 اور ودیگر کی خلاف ورزی ہے اس سلسلے میں عدالت متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کرے جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔