|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2022

کوئٹہ: سیکرٹری تعلیم سکولز عبدالروف بلوچ کی سربراہی میں 23ویں لوکل ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن عبدالروف بلوچ نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں متعدد چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت بلوچستان پرعزم ہے جس میں تعلیم تک سب کی رسائی اور دیگر اہم تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رے ہیں

، انہوں نے گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن (GPE)، اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف (UNICEF)، یورپین کمیشن سمیت تمام دیگر ڈونر ایجنسیز کی شعبہ تعلیم میں بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ وہ اپنا تعاون اسی طرح جاری رکھتے ہوئے حکومت بلوچستان کی تکنیکی اور مالی معاونت جاری رکھیں گے تاکہ ہم ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مرتب کردہ مثبت اشاریوں کو حاصل کر سکیں.

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلابی صورتحال اور موسمی تغیرات سے پیدا ہونی والی ہنگامی صورتحال میں ہمیں مزید تندہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں ہر مثبت اقدام کو سراہا جائے گا تاکہ تعلیم اور تعمیر کا سفر یکساں طور پر جاری رہ سکے۔ سیکرٹری تعلیم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پرائمری کی سطح پرطالبات/ طلباء میں خواندگی کی مزید بہتری میں تدریسی عملے کی استعدکار میں اضافے کو خصوصی طور مرکوز کیا گیا ہے، نصاب اور مواد میں بہتری، صنفی تفاوت اور کمرہ جماعت میں بہترآموزش، استاد اور والدین کی بہتر کوآرڈینیشن سمیت اسکول مینجمنٹ کمیٹی میں بچوں کی شرح داخلہ میں اضافے اور سکول نہ چھوڑنے پر قائل کرنے سمیت معیاری تعلیم کا حصول کے بنیادی اصولوں پر کاربند ہوتے ہوئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن کی کنڑی لیڈ Dr. Hoa Trans Ringrose نے GPE 2025 کے نئے آپریٹنگ ماڈل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیاجس میں اس کے اعراض و مقاصد، مستقبل کا لائحہ عمل سمیت فروغ تعلیم میں بہتر اشاریوں کے حصول سے بہتر مانیٹرنگ اور دیگر عوامل شامل ہیں جبکہ بلوچستان کی حالیہ سیلابی صورتحال میں اپنا ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس سے UNICEF کی بلوچستان میں ایجوکیشن منیجر پلوشہ جلالزئی نے بتایا کہ بلوچستان ایجوکیشن فلڈ رسپانس 2022 کے تحت 20 ستمبر 2022 تک صوبے بھر کی 15082 اسکولوں میں سے 9136 کی اسسمنٹ کی جا چکی ہے

جس میں سے 1137 اسکولوں کو شدید یا جزوی نقصان پہنچا ہے جو کسی لمحہ فکریہ سے کم نہیں، یونیسف کی ٹیم سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں اور اپنی خدمات کی بجا آوری میں محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ 43 عارضی لرنگ سینٹررز میں 1401 بچوں اور 1501 بچیوں کو تعلیم کی زیور سے آراستہ کرنے میں مصروف عمل ہیں، 23 سکولوں سے نکاسی آب ممکن بنا رہی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریئس سمیت اعلی حکومتی شخصیات نے خصوصی دورہ بھی کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یونیسف اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریاں اور صوبے میں فروغ تعلیم میں اپنا کردار اسی طرح ادا کرتی رہے گی۔ اجلاس سے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم کیپٹن ریٹائرڈ میر باز مری نے تمام اسٹیک ہولڈرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایجوکیشن واحد شاکر بلوچ، چیف پلاننگ آفیسر ایجوکیشن عبدالخالق سمیت تمام متعلقہ محکموں کیحکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں اور محکموں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔