وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی رکن صوبائی اسمبلی نوبزادہ طارق مگسی سے ملاقات
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سابق صوبائی وزیر رکن صوبائی اسمبلی نوبزادہ طارق مگسی سے انکی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی ۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سیاسی امور سمیت سیلاب کی صورتحال امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی سے متتعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی ۔
وزیراعلیٰ نے جھل مگسی میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین کی امداد اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زرعی اراضی اور نہری نظام کی بحالی کو بھی یقینی بنائے گی جسکے لئے موثر زرعی بحالی پروگرام مرتب کیا گیا ہے جسکے تحت زمینداروں اور کسانوں کو 15 ارب روپے سے زائد کی سبسیڈی دی جائے گی ۔
نوابزادہ طارق مگسی نے وزیراعلیٰ کو جھل مگسی میں سیلابی پانی کی صورتحال اور نہری نظام اور زرعی اراضی کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ نہروں میں پڑنے والے شگافوں کو پر کرنے اور سیلابی پانی کی نکاسی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ زمیندار وں کے لئے ربیع کی فصل کاشت کرنا ممکن ہو سکے۔نوابزادہ طارق مگسی نے اس موقع پر زرعی بحالی پلان کو سراہا۔