کوئٹہ:کوئٹہ کے نواحی علاقے میں سی ٹی ڈی کی کاروائی فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4منشیات اسمگلر ہلاک اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق پیر کی رات سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے منشیات کے اسمگلر ٹرک نمبر TKS-578 کے ذریعے ہیروئن کی بھاری مقدار قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے کراچی منتقل کر نے جارہے ہیں جس کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو پاکستان میں دہشتگردتنظیم کی معاونت میں استعمال کیا جائیگا۔ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں تھانہ شالکوٹ کی حدود میں گلزار آباد کے مقام پر ناکہ بندی کر کے چیکنگ شروع کی گئی جس کے دوران مذکورہ ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم رکنے کے بجائے ٹرک میں سوار نامعلوم منشیات فروش دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی پر فائرنگ شروع کردی جس پر سی ٹی ڈی افسران نے حفاظتی اقدمات لیتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔
ترجمان کے مطابق دہشتگردوں نے جنوبی پہاڑوں میں فرار ہونے کی کوشش کی تاہم آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں چارنامعلوم منشیات اسمگلر دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ انکے قبضے سے عالمی منڈی میں کروڑوں روپے مالیت کی 27کلو گرام ہیروئن، 4عدد 9ایم ایم پستول بمعہ 17کارتوس اور ٹرک کو برآمد کر کے تحویل میں لے لیا۔ترجمان کے مطابق واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈ ی تھانہ میں درج کیا جارہا ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید کاروائیاں کی جائیں گی۔