|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2022

کوئٹہ: کوئٹہ میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا فوری خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،دوطرفہ تجارتی اہداف کا حصول باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے،ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کا دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے اہم کردار رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے دورے کے موقع پر اس کے عہدیداران و ممبران سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی و دیگر نے ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند و دیگر کو خوش آمدید کہتے ہوئیکہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارتی اہداف کا حصول تب ممکن ہے۔

جب تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ممکن ہو انہوں نے زاہدان میں چاول کیلئے گوداموں کی عدم دستیابی،بارشوں سے زاہدان میں کھلے میدانوں میں پاکستان کے چاول ایکسپورٹرز کو ہونے والینقصانات،ڈیمریجز کی مد میں خطیر رقوم کی وصولی،پاکستان درامد ہونے والے سلفر کو ایران میں اتارنے اور ٹرمینل آپریٹرز کی جانب سے ڈیمریجز کی وصولی،پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ایران میں بلاوجہ اکاؤنٹس منجمد کئے جانے، پاکستانی مال بردار گاڑیوں کی ایران میں نقل و حمل محدود کرنے،مال بردار ٹرین،فضائی آپریشن شروع کرنے و دیگر سے متعلق مشکلات کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سلسلے میں قونصل جنرل اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر کوئٹہ میں متعین ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے درمیان دیرپا تاریخی،اسلامی،ثقافتی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ اس کے بغیر دوطرفہ تجارتی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہوگا،انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی نئی کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ہمیشہ کی طرح اب کے بار بھی پاک ایران تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے بھر پور کردار ادا کریں گے،انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل جن رکاوٹوں کا تذکرہ کیا گیا ہے ان کے حل کیلئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کی تجاویز کو اولیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت پاکستان سمیت تمام ممالک کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات کا خواب ہیں بلکہ اس سلسلے میں اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔