|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2022

کوئٹہ : سرداربہادر خان وومن یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالبات کے والدین نے گورنر بلوچستان اور صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ یونیورسٹی کی فیسوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پراسے واپس لیا جائے تاکہ غریب طالبات اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں والدین نے کہا کہ سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کی فیسوں میں کئی سو گنا اضافہ کردیا گیا ہے۔

جس کی وجہ سے وہاں زیرتعلیم طالبات کے والدین کیلئے فیسیں ادا کرناناممکن ہوگیاہے اور طالبات تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان تعلیمی لحاظ سے پہلے ہی دوسرے صوبوں سے بہت پسماندہ ہے دوسری طرف وومن یونیورسٹی کی جانب سے فیسوں میں اضافہ کرکے رہی سہی کسر بھی پوری کردی گئی ہے۔

انہوں نے چانسلر و گورنربلوچستان میرجان محمدجمالی ،وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اوردیگراعلی حکام سے اپیل کی کہ سرداربہادر خان وومن یونیورسٹی کی جانب سے فیسوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے واپس لینے کے احکامات جاری رکھ سکیں تاکہ طالبات اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔