دوحہ: فیفا ورلڈکپ 2022 کے گرو پ میچ میں کروشیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد کینیڈا کو 1-4 سے شکست دے دی جبکہ مراکش نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بیلجیئم کو 0-2 سے دھول چٹا دی۔ قطر کے خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایف کے اسٹیج میچ میں کینیڈا نے جارحانہ انداز میں کھیل شروع کرتے ہوئے 68 ویں سکینڈ پر پہلا گول کرکے فاتحانہ آغاز کیا تاہم کروشین کھلاڑیوں نے تابڑ توڑ حملے کرکے کینیڈا کو شکست سے دوچار کردیا۔کروشیا سے 4 کے مقابلے میں 1 سے شکست کے بعد کینیڈین ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے گروپ 16 راؤنڈ سے باہر ہوگئی ہے۔ کینیڈا کی جانب سے 68ویں سکینڈ پر الپھونسو ڈیوس نے واحد گول اسکور کیا، جس کے بعد کینیڈین کھلاڑیوں نے دفاعی انداز اپنایا لیکن 36 ویں منٹ پر کروشیا کے اینڈریج کریمیرک نے پہلا گول کرکے میچ کو برابر کردیا۔
مارکو لیواجا نے 44 ویں منٹ پر گول اسکور کرکے کروشیا کو کینیڈا پر سبقت دلائی بعدازاں اینڈریج کریمیرک نے 70ویں ٹیم کیلئے ایک اور گول کرکے کینیڈا کی شکست کو یقینی بنایا۔ کینیڈین کھلاڑی آخری لمحات پر کروشیا کے خلاف گول اسکور کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم مخالف ٹیم نے بہترین دفاع کیا اور میچ کے اختتام پر کروشیا کے لورو میجر کی جانب سے گول کیا گیا۔
جس کے بعد کروشیا کو کینیڈا کے خلاف 1-4 فتح حاصل ہوئی۔ اس سے قبل گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بیلجیئم کو 0-2 سے دھول چٹا دی۔ قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئیاسٹیج میچ میں مراکش نے مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کیے جب کہ بیلجیئم نے آغاز سے ہی دفاعی اور محتاط انداز اپنایا تاہم مراکش نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 73 ویں منٹ پر میں پینلٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول اسکور کرکے سبقت حاصل کرلی۔بعدازاں میچ کے آخری لمحات میں مراکشی کھلاڑی زکریہ ابوالخلال نے ایک اور گول کرکے بیلجئیم کی شکست کو یقین میں بدل دیا۔بیلجیئم نے متعدد بار گول کرنے کی کوشش کی تاہم مخالف کھلاڑیوں اور مراکشی گول کیپر کی بدولت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، مراکش کی جانب سے میچ کا پہلا پینلٹی گول عبدالحامد نے اسکور کیا جب کہ دوسرا گول زکریہ ابوالخلال نے کیا۔ بیلجیئم اور مراکش کے درمیان کھیلے گئے میچ سے متعلق فٹبال ماہرین نے کہا کہ بیلجیئم کا کھیل دیکھ کر ایسا لگ نہیں رہا تھا کہ دنیا کی دوسری بہترین ٹیم کھیل رہی ہے۔ واضح رہے کہ بیلجیئم فٹبال ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے اور اب تک 5 عالمی مقابلے جیت چکا ہے۔