دوحہ: فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ جی کے میچ میں برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ ایک اور میچ میں گھانا نے جنوبی کوریا کو 2-3 سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے دی۔برازیل نے ورلڈ کپ کے پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ورلڈکپ میں برازیل کی ٹیم لاسٹ 16 میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے۔
اس سے قبل فرانس پری کوارٹر فائنل میں پہنچا تھا۔برازیل کی ٹیم 2 میچز میں 6 پوائنٹس لیکر گروپ میں ٹاپ پوزیشن پرہے۔پیر کے میچ میں برازیل کی جانب سے واحد گول کاسیمیرو نے 83 ویں منٹ میں کیا۔ اس سے قبل ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایچ کے میچ میں گھانا کی ٹیم چھائی رہی لیکن جنوبی کوریا کی ٹیم نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ گھانا کے محمد سیلیسو نے 24 ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کے عزائم ظاہر کر دیے تھے، جس کو محمدقدوس نے 34 ویں منٹ میں دوگنا کردیا۔ وقفے سے قبل گھانا نے 2 گول کرکے برتری کرلی تھی۔
لیکن جب وقفہ ختم ہوا تو جنوبی کوریا بدلہ لینا شروع کیا اور پہلا گول 58 منٹ میں کیا اور اس کے بعد جلد ہی 61 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے میچ برابر کردیا۔ جنوبی کوریا کی جانب سے چو گوئی سنگ نے دونوں گول کیے اور ٹیم کو جیت کی امید دلائی لیکن مخالف ٹیم نے اس برتری کو عارضی ثابت کردیا۔ گھانا کے محمد قدوس نے 68 ویں منٹ میں انفرادی طور پر دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ایک دفعہ پھر برتری دلائی۔ جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں نے بڑی محنت کی لیکن وہ مزید گول کرنے میں ناکام رہے اور کھیل کے اختتام پر گھانا کو ان پر برتری حاصل رہی۔ گھانا نے جنوبی کوریا کو 2-3 سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے اور پوائنٹس ٹیبل میں یوروگوئے جیسی مضبوط ٹیم سے آگے نکل گئی، جو صرف ایک میچ کھیل کر ایک پوائنٹ حاصل کرپائی ہے۔ جنوبی کوریا پوائنٹس ٹیبل پر ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔