دوحہ : قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود بیلجیئم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ کروشیا اور مراکش نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق مراکش نے کینیڈا کو 1-2 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ الثماما اسٹیڈیم میں کھیلے گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے کینیڈا کو 2 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔
مراکش کی جانب سے چوتھے منٹ میں حاکم زائیک نے ٹیم کو برتری دلائی جس کو یوسف النصیری نے 23 ویں منٹ میں دْگنا کر دیا۔ مراکش کے نائف ایگوئرڈ نے 40 ویں منٹ میں اپنے ہی جال میں گیند پھینک کر کینیڈا کا کھاتہ کھلوایا۔
پوائٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مراکش نے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ایک اور میچ میں بیلجیئم اور کروشیا کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔ احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروہ ایف کے میچ میں بیلجیئم اور کروشیا کی ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کر سکیں۔ تاہم، پوائنٹس ٹیبل پر 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود کروشیا کی ٹیم راؤنڈ آف 16 میں کوالیفائی کر گئی۔