|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2022

دوحہ: قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں یوروگوائے کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ پرتگال اور جنوبی کوریا نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔تفصیلات کے مطابق گروپ ایچ میں گذشتہ روز 2 میچز کھیلے گئے،جس میں پرتگال اور جنوبی کوریا جبکہ گھانا اور یوروگوائے کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔جنوبی کوریا نے پرتگال کو 1-2 سے شکست دے دی۔ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایچ کے میچ میں جنوبی کوریا نے پرتگال کو 1کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔

پرتگال کی جانب سے پانچویں منٹ میں رِکارڈو ہورٹا نے گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلائی جس کو جنوبی کوریا کے کِم ینگ-گوون نے 27 ویں منٹ میں برابر کردیا۔دوسرے ہاف کے آخر کے اضافی وقت میں ہوانگ ہی-چین نے گول اسکور کر کے جنوبی کوریا کو برتری دلا ئی جس نے فتح یقینی بنا دی۔ ایک اور میچ میں یوروگوائے نے گھانا کو 0-2 سے شکست دے دی۔الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایچ کے میچ میں یوروگوائے نے گھانا کو 0 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔ یوروگوائے کے جیورجین ڈی ایراسکیٹا نے 26 ویں منٹ میں گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلادی۔ ایراسکیٹا نے نے 32 ویں منٹ میں ٹیم کی برتری کو دْگنا کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔یوروگوائے مقابلہ جیت کر بھی ورلڈکپ سے باہر ہوگیا جبکہ پرتگال میچ ہار کر بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔

گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ایچ میں پرتگال نے 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ جنوبی کوریا اور یوروگوائے 4،4 پوائنٹس حاصل کرسکے جبکہ ان دونوں ٹیموں کے درمیان گولز کا فرق بھی ایک جیسا تھا۔تاہم جنوبی کوریا کی ٹیم ورلڈکپ میں مجموعی طور پر زیادہ گول کرنے کی وجہ سے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ یوروگوائے نے گروپ میچز میں مجموعی طور پر 2 گول کیے جبکہ جنوبی کوریا نے 4 گول اسکور کیے تھے۔اس کے علاوہ گھانا کا بھی 3 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈکپ کا سفر ختم ہوگیا۔