کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پشتون علاقوں پر مشتمل نیا صوبہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بقا کیلئے آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے ،تمام قوموں کو ان کے وسائل کا مالک تسلیم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی عدم رہائی کیخلاف پشتون خواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام نکالی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، یہ ریلی میٹروپولیٹن کارپوریشن سے شروع ہو کر باچا خان چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔
سربراہ پشتون خواملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان پر انگریز ،روس اور امریکہ قبضہ نہیں کرسکا اس لئے افغانستان کوپاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کی سوچ ختم ہونا چاہیے اگر یہ سوچ ختم ہوگی تو افغانستان پاکستان کا بہترین دوست بن سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم طالبان سے کہتے ہیں کہ وہ تمام پشتونوں کے بڑے جرگے کی تیاری کریں تاکہ تمام پشتون ملکر افغانستان کو آگے بڑھائیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پشتون علاقوں پر مشتمل نیا صوبہ بناکر اسکانام افغانیہ رکھا جائے ،محمود خان اچکزئی نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو فوری طور پر رہا کیا جائے ،ملک کا آئین لوگوں کوازادی اظہار رائے دیتا ہے تو علی وزیر جیل میں کیوں ہے ،اگر سوات میں ہماری پارٹی کے کارکن رہا نہ ہوئے تو جیل بھرو تحریک شروع کرسکتے ہیں ۔