|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2022

کوئٹہ :  جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا کہ عمران خان لوگ جانتے ہیں کہ تم کس کے ایجنڈے پر کام کرتے ہو ، تم کام کرتے ہو تو بھارت خوش ہوتا ہے ۔

مولانا فضل الرحمن جب بات کرتا ہے تو بھارت کی حکومت کو آگ لگتی ہے، عمران خان تاریخ پر تاریخ، تاریخ پر تاریخ مت دو ، استعفے دو اور جان چھوڑو ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاہے کہ ہم الیکشن کیلئے ہر دم تیار ہیں لیکن ایک شخص کی انا کی تسکین کیلئے اٹھائے قدم کا راستہ روکا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیازی پاکستان کو سیاسی اورمعاشی عدم استحکام سے دو چار کرنے کے مشن پر ہے، اسمبلیاں توڑنا کوئی کھیل نہیں ہے کہ جب جی چاہا توڑ دیں۔

انہوں نے کہا عمران خان نے اداروں اور ان کے سربراہان پر جھوٹے الزامات لگا کر اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام عوام کی طاقت پر بھروسہ کرنے والی جماعت ہے، عمران خان کی ہرچال کا سیاسی، آئینی اور قانونی جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق اور عوام کی حق حاکمیت کیلئے جمعیت جدوجہد کررہی ہے جمہوریت کی مضبوطی پارلیمنٹ کی بالادستی اور محکوم طبقات کی حق حاکمیت ملک میں انسانی حقوق کی مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے اور لوگوں کو برابرای کے بنیادوں پر انصاف دلانے کیلئے برسر پیکار ہے ۔