|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2023

اسلام آباد : پاکستان نے ایران سرحد پار سے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردوں نے ایران کی سرزمین استعمال کی،امید ہے ایران ذمہ دار عناصر کے خلاف کریگا،پاکستان بھی اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا،بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر گہری تشویش ہے، پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا رہے گا، سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ دوستانہ تعلقات ہے،دونوں ممالک کے مابین مزید تعلقات مضبوط ہوں گے۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایران کی سرزمین استعمال کی،امید کرتے ہیں کہ ایران ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھی اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیگا، ایران بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، دونوں ممالک کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کی اور پاکستانی مؤقف دنیا کے سامنے رکھا۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ ورلڈ اکنامک فورم کے سائڈ لائنز پر اہم ملاقاتیں بھی کیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ بیلجیم کے دورے پر ہیں جہاں وہ برسلز میں بیلجیم اور لگڑمبرگ سے ملاقات کریں گے اور اس کے علاوہ یورپی کمیشن اور پارلیمنٹ کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روسی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچ گیا جن کے ساتھ ریلوے، توانائی، تجارت سمیت مختلف شعبوں پر مذاکرات جاری ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چین عارضی طور پر خنجراب سرحد کھولنے پر آمادہ ہوگیا ہے، مقامی تاجروں کو سہولت دینے کے لیے بارڈر کھولا گیا، سردیوں میں برفباری کے باعث خنجراب سرحد بند رہتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سوئزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شریک ہیں جہاں وہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر چیلنجز سے آگاہ کر رہے ہیں۔

بیلجیم کا پارلیمانی وفد پاکستان کا اہم دورہ کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیلجیم کا پارلیمانی وفد پارلیمنٹ ہاؤس ، لاہور اور سیلاب زدہ علاقوں کا دودہ کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ امور اسد مجید خان برسلز کے اہم سرکاری دورے پر ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خنجراب بارڈر چین میں سپرنگ فیسٹیول کے لیے آج کھولا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 25 جنوری کو تاشقند کا دورہِ کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے بھارت سے متعلق بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بھارت سے متعلق پالیسی واضح ہے، پاکستان بھارت کے کشمیر میں مظالم کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہے، بھارت ایسا ماحول پیدا کرے جس سے واضح ہو کہ وہ دہشت گردی میں ملوث نہیں۔سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ دوستانہ تعلقات ہے،دونوں ممالک کے مابین مزید تعلقات مضبوط ہوں گے، دونوں ممالک سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطوں میں ہے، پاک سعودی سپریم کونسل معاشی معامالات پر بات چیت کرتی رہتی ہے۔