وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار سابق وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیازی کی تباہی آج ہماری حکومت ٹھیک کررہی ہے، انہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا اور ملک کے 4 سال خراب کردیئے۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ مان چکے ہیں کہ چوری شدہ الیکشن کے ذریعے آپ کو لایا گیا، آپ نام بھی بتاچکے کہ کون آپ کو لایا تھا، آپ کو اچھی بھلی معیشت ملی تھی، اس پر کام کرنے کے بجائے سیاسی انتقام کی پالیسی پر نہ چلتے تو آج پاکستان اس حالت کو نہ پہنچا ہوتا جہاں آج کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آپ کی سوچ ہے کہ آپ کی سیاست جاتی ہے تو ریاست بھی جائے، عمران خان نے جی ڈی پی پر غلط بیانی کی، ن لیگ کے دور میں فی کس آمدنی میں 379 ڈالر اضافہ ہوا جبکہ پی ٹی آئی دور میں صرف 30 ڈالر کا اضافہ ہوسکا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان عمران حکومت کی وجہ سے آیا، یہ سیاسی انتقام میں لگے رہے، معیشت پر توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی حکومت نے روپے کا بیڑہ غرق کیا، عمران خان جس ملک بھی گئے پاکستان کو بدنام کیا۔