|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2023

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں ایل او سی سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس میں پشاور پولیس لائنز دھماکے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف زیروٹالیرنس پالیسی پرگامزن ہیں، پائیدارامن کیلئے انسداددہشتگردی کارروائیوں پرتوجہ مرکوزرکھی جائے۔

 

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کےعزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، ایسی کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف کامیابی کےعزم کوتقویت دیتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کو تبدیل کرنے کا بھی نوٹس لیا گیا۔ عسکری قیادت نے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی مکمل حمایت کےعزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں شرکاء کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات، سلامتی کی صورتحال اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کےلیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انٹیلی جنس آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔