|

وقتِ اشاعت :   February 7 – 2023

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی ایگزیکٹوز کا مشترکہ اجلاس پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مختلف امور پر سیر حاصل بحث کی گئی اور فیصلے کیئے گئے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی ضمنی الیکشن میں حصہ لیگی اور پارٹی کارکنوں کو مکمل تیاری کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں پارٹی پالیسی طے کی گئی۔

جس کی ہدایت اضلاع کو جاری کردی گئی ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے پارٹی کے کارکنوں کی ہمت اور کارکردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال نا گفتہ بہ ہوچکی ہے ،ملک کی انتہائی خراب صورتحال ملک کی جمہوری قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، درست بروقت اور صورتحال کے مد نظر فیصلے نہ کیئے گئے تو ملک کے بحران مزید گہرے ہوتے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ، افغانستان نے ایک دوسرے کے اندورنی معاملات میں مداخلت سے اجتناب کرنا ہوگا، محمودد خان اچکزئی نے حالیہ دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ملک کے ہر شہری کو امن دینا ریاست کی ذمہ داری ہے ،پشتونخوا وطن سے دہشتگردی کا خاتمہ ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مردم شماری پشتونخواملی کا مطالبہ رہا ہے ۔

صحیح خانہ ومردم شماری کرنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں اور ملک کے عوام کی صحیح درست مردم شماری ان کے فرائض میں شامل ہیں ۔ملک میں پشتونوں کی صحیح مردم شماری نہیں ہوئی اور پشتونوں نے من حیث القوم اس پر توجہ نہیں دی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی مدد کرتے ہوئے صحیح مردم شماری میں ان کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ سخت مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بدترین بیروزگاری کی روک تھام کیلئے حکومتی منصوبہ بندی ضروری ہے اور اگر حکومت کی جانب سے بروقت منصوبہ بندی نہ کی گئی اور ملک کے دولت مند حضرات نے کردار ادا نہ کیا تو سخت انارکی پھیلنے کا خدشہ ہوگا اور آنیوالے صورتحاؒل کا تدارک منصوبہ بندی سے ہی ممکن ہے۔