|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2023

پاکستان تحریک انصاف کی ریلی لاہور میں زمان پارک سے شروع ہوگئی اور ریلی کی قیادت عمران خان کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی بُلٹ پروف گاڑی میں سوار ہیں۔ پی ٹی آئی کی ریلی داتا دربار جائے گی جہاں سے واپس زمان پارک آئے گی۔

تحریک انصاف کی ریلی کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور ٹریفک جام ہونے سے ایمبولینس کو بھی راستہ نہ مل سکا۔

پچھلے کئی منٹ سے ایمبولینس بھی ٹریفک میں پھنسی ہوئی ہے جبکہ ریلی گڑھی شاہو پہنچ چکی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان ریلی کے اختتام پر اہم اعلان کریں گے، پُرامن ہیں اور رہیں گے۔

دوسری جانب خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کو گرفتار کرنے پھر لاہو رپہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ عمران خان کی عدالتی حکم پر گرفتاری ہوگی  جب کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی اضافی نفری درکار ہے۔

اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور عدالت نے 29 مارچ کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔