|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2023

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دوست کو سوئزرلینڈ کی بینک میں کروڑوں ڈالرز  جمع کرنے کیلئے مدد فراہم کرنے کا جرم ثابت ہونے پر تین روسی اور ایک سوئس شہری سمیت چار بینکاروں کو سزا سنا دی گئی۔

روس بینک گیزپروم کی زیورخ برانچ کے چار سابق ایگزیکٹوز کو ’پیوٹن کے بٹوے‘ (Putin’s wallet) کے نام سے مشہور موسیقار سرگئی رالدوگین کی مدد کرنے کے الزام میں 7 ماہ کیلئے معطلی کی سزا سنائی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرگئی رالدوگین نے  2014 سے 2016 کے درمیانی عرصے کے دوران گیزپروم بینک کی زیورخ برانچ میں 30 ملین ڈالرز سے زائد رقم جمع کروائی تھی، جبکہ وہ ان پیسوں کی آمدنی کیلئے کوئی قابل اعتماد وضاحت دینے میں بھی ناکام رہے تھے۔

’سیلو‘ پلیئر موسیقار سرگئی رالدوگین پیوٹن کے قریبی دوست اور ان کی بڑی بیٹی ماریا وی کے ’گاڈ فادر‘ ہیں جبکہ روسی صدر انہیں روس کے اعلیٰ سول اعزاز  الیگزینڈر نَیوِسکی ایوارڈ سے بھی نواز چکے ہیں۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور موسیقار رالدوگین کے مالیاتی تعلقات کا انکشاف 2016 کے پاناما پیپرز میں ہوا تھا، جبکہ 2014 میں موسیقار نے نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ملینیئر نہیں ہے۔