ایک دہائی سے زائد عرصے بعد آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کو ڈیوائس چارج کرنے کے لیے مختلف چارجر کی ضرورت ہوگی۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورے دیے جانے کا امکان ہے، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔
نئی لیکس میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 15 سیریز یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ سے لیس ہوگی۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ایک قانون کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت یورپ میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا۔
بعد ازاں دسمبر کے آغاز میں یورپی یونین نے اعلان کیا تھا کہ اس تبدیلی کو اپنانے کے لیے 28 دسمبر 2024 تک مہلت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے اکتوبر 2022 میں ایپل کے عہدیداران نے تصدیق کی تھی کہ کمپنی کی جانب سے یورپی قوانین پر عمل کیا جائے گا اور نئے فونز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کا استعمال ہوگا۔
اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔
اس سے قبل 2012 میں کمپنی نے 30 پن ڈوک کنکٹر کی جگہ لائٹننگ پورٹ کو دی تھی۔
یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔