|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2023

کوئٹہ: سیکرٹری اطلاعات بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے کہاہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے10ہزار انٹرن شپ پروگرام کا بہت جلد آغاز ہوگا جس کے تحت نوجوانوں کو سیکھنے کے مواقع، وظیفہ اور تجربہ حاصل ہوگا، محکمہ اطلاعات میں انفارمیشن سیل قائم کرکے انٹرن شپ پر10طلباء کو انٹرنی رکھا جائے گا۔سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔

محمدحمزہ شفقات نے کہاکہ بنیادی طورپرحکومت بلوچستان نے اعلان کیاہے کہ پورے بلوچستان کے نوجوان سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیںیہاں کے حالات انتہائی خراب تھے ،ہم نے دیکھا کہ بہت سے نوجوان بے روزگار ہیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی طورپر مختلف بیماریوں کاشکار ہورہے ہیں اس سلسلے میں حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے بھر کے نوجوانوں طلباء وطالبات کیلئے 10ہزار انٹرن شپ کااعلان کردیاہے آئندہ ماہ سے اس انٹرن شپ پر کام شروع ہوجائے گا 10ہزار طلباء کو انٹرن شپ حکومت بلوچستان کی جانب سے دی جائیگی اس حوالے سے انہیں ماہانہ وظیفہ بھی دیاجائے گا۔

اور تربیت بھی فراہم کی جائیگی ،انہوں نے کہاکہ ان نوجوانوں کو اپنی ملازمتوں کیلئے تجربہ بھی حاصل ہوگا ،اس انٹرن شپ کو آگے بڑھاتے ہوئے محکمہ اطلاعات اپنے طورپر انفارمیشن سیل بنانے جارہی ہے جس میں 10طلباء وطالبات کو انٹرن شپ کی آفر کی گئی ہے اور اس حوالے سے انٹرن شپ پورٹل بنایاگیاہے جو آن لائن ہے اس حوالے سے اخبارات میں اشتہارات بھی دئیے ہیں یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات کی جانب سے اپلائی کیاگیاہے ۔انہوں نے یونیورسل نیوز کوبتایاکہ بلوچستان حکومت کا پہلا ڈیجیٹل میڈیا انفارمیشن سیل کاافتتاح بہت جلد کیاجائیگا۔