|

وقتِ اشاعت :   May 12 – 2023

چین نے روس، یوکرین جنگ میں ثالثی کی کوششیں تیز کردی، خصوصی نمائندہ یوکرین اور روس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

چین کے یوریشیائی امور کے سفیر لی ہوئی 15 مئی سے یوکرین، پولینڈ، فرانس، جرمنی اور روس کا دورہ کریں گے، لی ہوئی روس کے سفیربھی رہ چکے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اس دورے کا مقصد یوکرینی بحران کے سیاسی تصفیے پر تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کرنا ہے اور چینی نمائندے کا یہ دورہ چین کے امن کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ پوری طرح سے ظاہر کرتا ہے کہ چین مضبوطی سے امن کے ساتھ کھڑا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چین کے صدر شی جن پنگ نے یوکرینی صدر زیلنسکی سے فون پر بات بھی کی تھی۔

یوکرینی صدر سے بات چیت کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے کہا تھا کہ چین ہمیشہ امن کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، یوکرین تنازع میں چین کا بنیادی مؤقف امن کا فروغ ہے، چین امن کو فروغ دینے اور جلد از جلد جنگ بندی کی کوششیں کرے گا۔

 چینی صدر کے روس کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ چین کا امن منصوبہ یوکرین جنگ کے خاتمے کی بنیاد بن سکتا ہے تاہم یوکرین اور مغرب امن کیلئے تیار نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ  چین نے روس یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے  12 نکاتی امن منصوبہ جاری کیا تھا، چین کی امن تجاویز میں روس یوکرین امن بات چیت، علاقائی سالمیت کا احترام اور جنگ بندی شامل تھیں۔