|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2023

قلعہ سیف اللہ/مسلم باغ: بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں سیکورٹی فورسز کے قلعہ سیف اللہ ایف سی ہیڈکوارٹرپر حملے کے خلاف آپریشن جاری ہے ،مقابلے میں 2 اہلکار شہید جبکہ 2 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیںکور12کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل آصف غفور آپریشن اور جائے وقوعہ کی ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کرتے ہوئے احکامات جاری رہے۔

شمالی بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں جمعہ کی صبح نامعلوم دہشت گردوں نے قلعہ سیف اللہ ایف سی ہیڈکوارٹرپر حملہ کیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشن کے دوران 2سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن تاحال جاری ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق فائرنگ میں جاںبحق ایک شخص صورت خان کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی لاش کورکن صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ ، کمشنر ژوب ڈویژن سعید احمد،ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ لیاقت علی کاکڑکے حوالے کردی گئی لاش کو آبائی علاقے روانہ کردی گئی ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ کور 12کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور آئی جی ایف سی نارتھ چوہدری اجمل آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیںکور12کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل آصف غفور آپریشن اور جائے وقوعہ کی ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کرتے ہوئے احکامات جاری رہے۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ایف سی کیمپ مسلم باغ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ایف سی اہلکاروں کی شہادت اور 3اہلکاروں کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایف سی فورس نے جرات اور دلیری سے حملہ ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ قوم کو اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے جو عزم و استقلا ل کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

وہ وقت دور نہیں جب ارض پاک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گا۔ وزیراعلی بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ جم کر کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہدا کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔