|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2023

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدرمیرکبیراحمدمحمدشہی نے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام ملک میں جاری اقتدار کی رشہ کشی اور اس تماشے میں ہونے والی ڈرامائی پیش رفتوں پر حیران ہیں 9مئی کے واقعات اگربلوچستان میں رونماہوتے تواس کے ردعمل میں یہاں آتش وآہن کی برسات ہورہی ہوتی مگر قانون کی دھجیاں اڑانے کے باوجود لاڈلوں کیلئے معیار یکسرمختلف ہے۔

تمام شرانگیزی کے باوجود ان کو راضی کرنے کیلئے سارا نظام دست بستہ منتیں کررہاہے سابق سینیٹر نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ آخرکیوں 75سال سے بلوچستان کے ساتھ مرکز کا رویہ نوآبادیاتی ہے کیوں بلوچستان میں بنیادی حقو ق تعلیم اور بجلی کیلئے ہونے والے احتجاج کو بھی لاٹھی اور گولی سے دبایاجاتاہے ۔

بلوچستا ن میں کیوں اتنے تحمل کامظاہرہ نہیں کیاجاتا اورحقوق کے مطالبے کاجواب کیوں آپریشن اور لاشوں سے دیاجاتاہے عدالتیں کیوں بلوچوں کے بنیادی حقوق کی پامالی پر بے چین نہیں رہتی ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے قومی سوال کے حل کیلئے کیوں بامعنی مذاکرات نہیں کئے جاتے یہ دوغلا معیار بلوچوں کے احساس محکومی اور بیگانگی میں اضافہ کررہاہے ریاستی پالیسی ساز ان معاملات پر غور کریں اور بلوچستان کے ساتھ نوآبادیاتی طرزعمل ترک کریں۔